سپیشل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار

10 Apr, 2020 | 04:55 PM

Arslan Sheikh

 ( سعید احمد سعید ) وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس، وفاقی حکومت کی اجازت سے سپیشل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت کی اجازت سے سپیشل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ لاک ڈاؤن ختم  یا نرمی کی صورت میں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں اپ اینڈ ڈاون کی  24 سے 28 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کے بعد بھی ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے۔ ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں مسافر اپنی ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی حاصل کرسکیں گے۔ اور ٹرین کی 60 فیصد سیٹیں بک ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی تاکہ سماجی فاصلہ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا سکے۔

خصوصی ٹرینوں کی بکنگ روانگی سے 24 گھنٹے پہلے بند کر دی جائے گی جبکہ خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے 1 گھنٹہ قبل سٹیشن پہنچنا ہوگا۔ ریلوے سٹیشن سے 200 میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کے داخلے کے لیے بند کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن ہونا لازم ہے۔ مسافروں کو سینیٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا جس میں ان پر سٹیشن میں داخلے سے قبل سینیٹائزر سپرے کیا جائے گا۔

خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو  ٹرین میں دوسرے مسافروں سے میل جول کی اجازت نہیں ہوگی اور ریلوے افسران ان خصوصی ٹرینوں میں مسافروں کے ساتھ سفر کریں گے تاکہ ہدایات پر سختی سے عمل کرایا جاسکے۔ خصوصی ٹرین آپریشن چلانے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں