(حافظ شہباز) کرکٹر عمر اکمل کی معطلی کا معاملہ پی سی بی ڈسپلنری پینل آئندہ ہفتے اپنی کارروائی کا آغاز کرے گا ،ضرورت محسوس ہونے پر عمر اکمل کو طلب کیا جاسکتاہے , بورڈ نے تمام دستاویزات ڈسپلنری پینل کو بھجوادی ہیں.
تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل معطلی کا معاملہ پر پی سی بی ڈسپلنری پینل آئندہ ہفتے معاملات کا جائزہ لے گا، ڈسپلنری پینل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے شواہد کا مرحلہ وار جائزہ لے گا، پنیل پی سی بی کے نوٹس آف چارج کا بھی جائزہ لے گا,ذرائع کا کہناتھا کہ پینل عمراکمل کے جواب کا بھی جائزہ لے گا اور ضرورت محسوس ہونے پر ڈسپلنری پینل عمر اکمل کو طلب کرسکتاہے، پینل دو سے تین ہفتے میں بلے باز کے کیس کا فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نےعمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین کے سپرد کردیا ہے، ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان ہیں,پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس بات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے کہ عمر اکمل نے انٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے سماعت کی درخواست نہیں کی.
پی سی بی نےیہ فیصلہ عمر اکمل کے جواب کے تمام مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے،جس میں پی سی بی انٹی کرپشن کوڈ کے تحت انٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے سماعت کے لیےتحریری درخواست نہیں کی گئی،کوڈ کے آرٹیکل1.8.4 کے تحت چیئر مین ڈسپلنری پینل اب نوٹس آف چارج میں مخصوص جرائم کی تصدیق کرتے ہوئے پابندی سے متعلق فیصلہ سنائیں گے, چیئرمین ڈسپلنری پینل کی جانب سے فیصلہ آنے تک پی سی بی اس معاملے پرمزیدکوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔
واضح رہے پی سی بی کی جانب سے17مارچ2020 کو عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا جبکہ عمر اکمل کو 20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔