(سعید احمد) انسدادکورونا وائرس مہم، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز نے افسروں و ملازمین کے تقرروتبادلوں پر عارضی پابندی لگا دی، اس حوالے سے تمام پرنسپل افسروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرنسپل افسروں کی جانب سے ماتحت افسروں کے تقررو تبادلوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے، کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر ملازمین کے تقرر و تبادلے ٹھیک نہیں، تمام شعبہ جات کے سربراہ اور پرنسپل افسر ماتحت عملے کے غیر ضروری تبادلے نہ کریں ،جن ملازمین اور سٹاف کے تبادلوں کی اشد ضرورت ہو وہی تقرروتبادلے کئے جائیں۔ پرنسپل افسروں کو مراسلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
دوسری جانب ایس پی ریلوے پولیس ورکشاپس ڈویژن کو ریلوے تنصیبات کی حفاظت کیلئے ہدایات جاری کر دی گئیں، انسپکٹرجنرل ریلوے پولیس اظہررشید خان کی ہدایات پر ایس پی ریلوے پولیس ورکشاپس ڈویژن کوتحریری احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
احکامات کے مطابق ورکشاپس ڈویژن میں کورونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اہم مقامات پر ریلوے پولیس کی نفری کو تعینات کیا جائے، ریلوے سے ملحقہ تمام علاقہ جات کی کڑی نگرانی کی جائے، ریلوے ورکشاپس ڈویژن سے ملحقہ ریلوے کالونیوں اور مارکیٹوں کو شام5 بجے تک بند کرایا جائے۔
ایس پی ریلوے پولیس ورکشاپس ملک محمدعتیق کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی انتظامات کی مکمل نگرانی کریں، انچارج ریلوے ٹریفک پولیس ورکشاپس ڈویژن کنور عمیر ساجد کو ٹریفک کی روانی موثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا وائرس پاکستان میں اب تک 63 زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ 4 ہزار سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار بن چکے ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیا دہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے، جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2224 تک پہنچ گئی ہے۔