عرفان ملک:شمالی چھاؤنی کے علاقے میں مبینہ طور پر شہری کے ساتھ ڈکیتی کی واردات۔ شہری بینک سے پینتیس لاکھ روپے لے کر جا رہا تھا کہ بھٹہ چوک میں ڈاکوؤں نے شہری کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر رقم لوٹ لی۔ پولیس نے شہری کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا۔
شمالی چھائونی کے علاقے میں اسلم نامی شہری بھٹہ چوک میں بینک سے پینتیس لاکھ روپے لے کر جا رہا تھا کہ بھٹہ چوک کے قریب ہی دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر اسلم کو روکا اور اس کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کررقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جس کی اسلم نے فوری ایمرجنسی ون فائیو پر اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور موقع سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔
اسلم کے بیانات میں تضادکی وجہ سے پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ۔جبکہ اسلم کا کہنا تھا کہ وہ مختلف ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں گوشت کی سپلائی کا کام کرتا تھا اور اسی کے لیے وہ بینک سے پیسے لے کر آرہا تھا کہ راستے میں ڈاکوئوں نے لوٹ لیا۔