پاکستان کی سب سے بڑی منچھر جھیل پر مزید 3 کٹ لگا دیئے گئے

9 Sep, 2022 | 09:02 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی منچھر جھیل کے پانی کو دریائے سندھ میں چھوڑنے کیلئے لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند پر تین کٹ لگا دیئے گئے،  میہڑ رنگ بند پر پانی کی سطح میں معمولی کمی آگئی ۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونے پر ایل ایس بند کو کٹ لگائے گئے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو اور دیگر موجود تھے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق کٹ لگنے کے بعد قمبر شہداد کوٹ کی تحصیل وارہ،سجاول اور دادو کی تحصیلیں خیرپور ناتھن شاہ، میہڑ اور جوہی میں پانی کی سطح کم ہو جائے گی۔

آبپاشی حکام کا خیال ہے کہ کٹ لگنے سے تین چار روز میں شہداد کوٹ اور دادو کے علاقوں میں موجود پانی بذریعہ منچھر جھیل دریائے سندھ میں چلا جائے گا۔

بھان سعید آباد کے انڈس لنک کینال کے بند پر پانی کے شدید دباؤ کے باعث دو شگاف پڑگئے، جس سے 29 دیہات زیر آب آ گئے،بھان سعید آباد میں خوف کے عالم میں لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ میہڑ رنگ بند پر پانی کی سطح میں دو انچ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب دادو شہر کو سیلاب سے بچانے کیلئے رنگ بند کی اونچائی کا کام جاری ہے، جوہی کے رنگ بند کو 12 فٹ اونچا کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں