سٹی 42: پنجاب آب پاک اتھارٹی نے لاہور سمیت پنجاب کے دونوں زون میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے منصوبوں کو عملی شکل دینا شروع کردی.
تفصیلات کے مطابق پنجاب آب پاک اتھارٹی نے گیارہ ارب لاگت کے چار پی سی ون منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو ارسال کردیئے ،سی ای او آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کی جانب سے پی سی ون ارسال کئے گئے ہیں جس میں پنجاب کے ساوتھ زون کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی پر پانچ ارب 28 کروڑ سے زائد اور نارتھ زون کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے تین ارب اڑسٹھ کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ساوتھ زون کے اضلاع میں 175 فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر 66 کروڑ 40 لاکھ اور نارتھ زون میں 350 فلٹریشن پلانٹس کے لئے ایک ارب 32 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، چاروں پی سی ون کی منظوری آئندہ پی اینڈ ڈی کے اجلاس میں لی جائے گی۔