(عمران یونس) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اچھرہ میں پہلے سرکاری لنگر خانے کا افتتاح کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے آئی جی پنجاب کو اہداف دے دیئے ہیں، کسی کو خوفزدہ ہونےکی ضرورت نہیں۔
لاہور میں گیارہ سرکاری لنگر خانے قائم کرنے کے منصوبے کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اچھرہ میں پہلے سرکاری لنگر خانے کا افتتاح کردیا، وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے، کمشنر لاہور، ڈی سی اور سیکرٹری بلدیات نے بریفنگ دی، منصوبے کے تحت ضلعی انتظامیہ شہر میں مخیر حضرات کے تعاون سے 11 لنگر خانے قائم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے لنگر خانے میں مستحق افراد کے ہمراہ کھانا کھایا، ان کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، منصوبے کے تحت لنگر خانوں کے قیام کیلئے جگہ ضلعی انتظامیہ فراہم کرے گی، جبکہ کھانا اوردیگر معاملات مخیر حضرات یا کمپنیز دیکھیں گی۔
آئی جی کی تعیناتی اور سی سی پی او بارے اپوزیشن کے تحفظات پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی جی کی تبدیلی کوئی انہونی بات نہیں، پچھلی حکومتیں بھی آئی جیز،افسران کوتبدیل کرتی رہی ہیں، نئے آئی جی پنجاب کو اہداف دے دیئے ہیں، کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، سب قانون پر عمل کریں،آئی جی کوہدایت کی ہے کہ امن و امان پرتوجہ مرکوزرکھیں،امن وامان پولیس کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ بھی حکومت کے لنگر خانہ پراجیکٹ کو تقویت دینے کے لیے متحرک ہوگئی ہے، شہر میں دس نئے لنگر خانے قائم کر دیے گئے۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن شہر کی واحد تحصیل جس میں ریسٹورنٹ نما لنگر خانوں کا قیام کیا گیا ہے، جس میں اے سی، ٹیبل اور کرسیوں سمیت متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا کا کہنا ہے کہ لنگر خانوں کا قیام حکومت کا خوش آئند اقدام ہے مگر دیگر اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی اپنی تحصیلوں میں اسی طرز کے لنگر خانے قائم کرنا ہونگے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد یہاں سے مستفید ہو سکیں۔