موج دریا روڈ(رضوان نقوی) ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری، کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور کا نام تبدیل کرنے کے بعد اب زون زکا انتظامی ڈھانچہ بدل کر 9 زونز کو 6 زونز میں ضم کر دیا گیا، باقی تین زونز کے کمشنرز، آفیسرز سمیت تمام عملہ کی تقرری بھی جلد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق زونز کی تبدیلی کے بعد سپیشل زون برائے بلڈرز ڈویلپرز،زون 6 اور 7 کے عملہ کی تعیناتی تاحال نہیں ہو سکی، تینوں زونز کو نئے چھ زونز میں ضم کر دیا گیا ہے،زون ون کو آڈٹ زون ون، زون ٹو کو آڈٹ زون ٹو،زون تھری کو آڈٹ زون تھری کا نام دے دیا گیا،زون فور کو انفورسمنٹ زون ون جبکہ زون فائیو کو انفورسمنٹ زون ٹو میں تبدیل کر دیا گیا،آئی پی زون کو لیگل زون کا نام دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ریونیو ڈیویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)نے وفاقی محتسب کے احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا، ایف بی آر کے ذیلی ادارے " انٹرنل آڈٹ" کے ملک بھر میں دورانِ ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے لواحقین برس سے واجبات سے محروم ہیں، ریونیو ڈویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وفاقی محتسب کے احکامات کے باوجود " انٹرنل آڈٹ" ان لینڈ ریونیو کے پاکستان بھر میں دورانِ ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے لواحقین کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی، انٹرنل آڈٹ کے متوفی ملازمین کے لواحقین 6برس سے واجبات سے محروم ہیں، فنانس ڈویژن اور ریونیو ڈویژن نے ایک ماہ کے دوران ادائیگی کرنے کے وفاقی محتسب کے احکامات پر 8 ماہ گزر جانے کے باوجود عمل نہیں کیا ہے۔