بلیو اکانومی ویژن، وفاقی کابینہ نے فیری سروس شروع کرنےکی اجازت دیدی

9 Sep, 2020 | 10:23 AM

Sughra Afzal

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی کابینہ نے ملکی سمندر سے فیری سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آج پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بلیو اکانومی وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے دنیا بھر کے ممکنہ مقامات کے لیے فیری سروس شروع کرنے کی اجازت دی  ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر کے ذریعے سفر کرنے والوں کے لیے اب سمندری سرحدیں کھلی ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کابینہ میں زائرین کی ضروریات کے حوالے سے بات ہوئی ہے اور زائرین فیری سروس کے ذریعے جا سکیں گے جو گوادر پورٹ سے شروع ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا کو بریفنگ دی۔شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے زائرین کی سہولت کے لیے فیری سروس شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے کراچی پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ پر متعلقہ پورٹ اتھارٹیز کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن، کسٹم سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کیلئے کیپیٹل ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور اسلام آباد کے مختلف زونز میں غیر قانونی سوسائٹیز میں ہونے والی تعمیرات، گیس اور بجلی کے کنکشن پر عائد پابندی اٹھانے کے لیے کمیٹیوں کے قیام اور بہترین کارکردگی پر ایم ڈی بیت المال کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے۔

اجلاس میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سالانہ رپورٹ کابینہ کو پیش کی جس کے مطابق کم کارکردگی والے پاور پلانٹس کو بند کیا جا رہا ہے۔کابینہ نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان خصوصاً اندرون سندھ میں ہونے والی تباہ کاریوں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے این ڈی ایم اے کو ذمہ داری سونپی ہے کہ صوبائی حکومتوں سے مل کر ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔

مزیدخبریں