پاکستان میں مہران سے بھی سستی اور جدید گاڑی متعارف

9 Sep, 2018 | 01:51 PM

Sughra Afzal

(علی رضا) پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری، یونائیٹڈ موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے مہران سے بھی سستی اور جدید گاڑی ’’براوو‘‘ متعارف کرادی۔اب شہری جاپانی گاڑیوں جیسے فیچرز والی800 سی سی گاڑی کم قیمت پر خرید سکیں گے۔

 

لاہور کے نجی ہوٹل میں یونائیٹڈ موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے 800 سی سی گاڑی کی نمائش کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز، صدر لاہور چیمبرملک طاہر جاوید، پاپام کے صدر اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ڈیلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

یونائیٹڈ موٹرز کے ایم ڈی ثناءاللہ چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل پلانٹ کی بھرپور کامیابی کے بعد ہم نے ایسی گاڑی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بڑی اور جاپانی گاڑیوں کی تمام خصوصیات ہوں گی لیکن اس کی قیمت ملک میں بننے والی دیگر برانڈ کی گاڑیوں سے بہت کم ہے۔

 

 انہوں نے بتایا کہ "براوو" نامی اس گاڑی میں پاور ونڈو، پاور اسٹیئرنگ، آٹو لاکنگ، الائے رم، عقبی طرف کے کیمرے، فوگ لائٹس سمیت تمام خصوصیات موجود ہیں۔

ثناءاللہ چودھری نے کہا کہ اس گاڑی کی قیمت 8 لاکھ50 ہزار روپے رکھی گئی ہے، اس گاڑی کو بنانے کا مقصد ہم وطنوں کو سستی اور معیاری سواری مہیا کرنا ہے، جس طرح یونائیٹڈ موٹر سائیکل نے عوام کا اعتماد جیتا، ہمیں امید ہے کہ بہت جلد یونائیٹڈ کی "براوو" کار بھی بھرپور کامیابی سمیٹے گی۔

تقریب کے آخر میں معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے اپنی گائیکی سے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

مزیدخبریں