امریکا میں انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کرنے والاافغان شہری گرفتار

9 Oct, 2024 | 11:56 AM

ویب ڈیسک: امریکا میں انتخابات کے دن داعش کے نام پرحملے کی منصوبہ بندی کرنے والے افغان شہری کو گرفتارکرلیا گیا۔

 غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ ناصر احمد توحیدی کو ریاست اوکلاہوما سے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا،امریکی محکمہ انصاف نے فردِ جرم عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان شہری داعش کے نام پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا،ملزم 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزے پر امریکا آیا تھا اور اوکلاہوما میں رہائش پذیر تھا۔

 ناصر احمد توحیدی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کیمروں تک رسائی حاصل کرنے اور ان ریاستوں سے متعلق انفارمیشن تلاش کی جہاں اسلحہ لینے کے لیے لائسنس کی ضرورت نہیں،ملزم نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے ویب کیمروں کو بھی آن لائن چیک کیا۔

 ناصرتوحیدی کے ساتھ اس سازش میں اس کا  کم عمربہنوئی بھی ملوث ہے جسے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک خفیہ ایجنٹ سے  دو رائفل خریدنے کے بہانے بلا کر گرفتار کیا گیا۔

  گرفتاری کے بعد ناصرتوحیدی نے حکام کو بتایا کہ وہ لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس دوران وہ اور ان کے ساتھی شہادت کے خواہش مند تھے۔

 امریکی اسپیشل امیگرینٹ ویزا پروگرام پرایک سال میں 50 افراد داخل ہو سکتے ہیں جو افغانستان یا عراق میں امریکی افواج یا چیف آف مشن کے تحت بطور ٹرانسلیٹر کام کرتے رہے ہیں،امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عائد الزامات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا ناصر توحیدی افغانستان میں بطور ٹرانسلیٹر کام کر رہے تھے۔
 

مزیدخبریں