ویب ڈیسک: حکومت نے پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے ملک کے توانائی شعبے کی اصلاحات کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی نےانڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر ISMO کی تشکیل کی اصولی منظوری دیدی جس کی کابینہ سے توثیق کی جائے گی، اجلاس کو بجلی کے شعبے کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹر کیا جائے گا، آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کر کے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا، اس سے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ اس نظام سے بجلی کے صارفین کو تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنے کی سہولت فراہم ہو سکے گی، اس ادارے سے کم سے کم لاگت کی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔
مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی، آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے اقدامات تیز اور مؤثر بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، بجلی شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔