سٹی42: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ منافقت کرے اللہ انہیں غرق کرے، جتنے بھی پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں انہیں رہا کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے نظریے کے ساتھ جو بھی منافقت کرے اللہ اسے بھی غرق کرے، بانی پی ٹی آئی حکم دیں تو اگلا قدم وزیراعظم شہباز شریف کا بیڈروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کا جو حکم ملا تھا وہ ریکارڈ کرا کر پر امن طریقے سے آگئے، ان کے دھوکے میں مت آؤ، یہ گھبرا گئے ہیں ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں،ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کے دوران آئی جی اسلام آباد میرا فون لے کر گئے، جتنے بھی پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں انہیں رہا کرائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دیتا ہوں آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو دھاوا بولیں گے، اس آئی جی نے کے پی حکومت کی ملکیت پر حملہ کیا ہے، ہم دوبارہ اسلام آباد آرہے ہیں کیا آپ سب تیار ہیں؟