ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں وکلاء کی ملاقات نہ کرانے پر سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس کر دیا۔
ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عمران خان کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وکیل کو ہدایت کی کہ تب تک آپ دیگر پہلوؤں پر بھی غور کر لیں۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں دیے گئے عدالتی آرڈر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایس او پیز بنانے کی ڈائریکشن دی تھی، اگر خلاف ورزی ہوئی ہے تو توہینِ عدالت کی درخواست اُس بینچ میں ہوگی۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس میں کہا کہ میرے خیال میں یہ توہینِ عدالت کی درخواست اس کیس میں نہیں بنتی، میں نوٹس جاری کر دیتی ہوں لیکن میں مطمئن نہیں ہوں۔
یادرہے کہ انتظار پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے درخواست میں سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنا رکھا ہے۔