ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں پونے دو روز میں 556 رنز بنا لئے اور پاکستان کے وکٹ سے ہٹنے کے بعد انگلینڈ نے 96 رنز بنا کر میچ کا رخ بدل دیا۔ اب یہ انتہائی دلچسپ میچ بن چکا ہے لیکن دلچسپی کا محور یہ سوال ہے کہ کیا ملتان ٹیسٹ کے باقی تین روز میں ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بننے کا ریکارڈ ٹوٹے گا یا نہیں۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہو ا تو 652 رنز بن چکے تھے۔ اگر آج بدھ کے روز انگلینڈ نے بھی روایتی کھیل کھیل کر بڑا مجموعہ بنا لیا تو پاکستان اور انگلینڈ مل کر 2022 کے ٹیسٹ میچ کی ہسٹری دہرا سکتے ہیں۔
پاکستان کی پہلی وکٹ کی طرح انگلینڈ کی پہلی وکٹ بھی بہت تھوڑے سکور پر گری لیکن 4 رنز پر اولی پاپ کے آؤٹ ہو جانے کے بعد زیک کرالی اور جو روٹ نے کھیل ختم ہونے تک تیز بیٹنگ کی اور کم روشنی کے اوورز میں ہی 96 رنز کا ناقابل یقین مجموعہ بنا لیا۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے ایک وکٹ پر 96 رنز اسکور کیے، زیک کرالی 64 اور جو روٹ 32 رنز پر کھیل رہے ہیں۔انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 460 رنز کا خسارہ ہے۔ آج سرِ دست انگلینڈ کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 261 رنز کی ضرورت ہے - یہ ٹارگٹ حاصل کرنا باؤلرز کو کوئی مدد فراہم نہ کرنے والی پچ پر بظاہر بہت آسان ہےتاہم یہ طے نہیں کہ موسم کیا رنگ دکھاتا ہے اور وکٹ خود کو برقرار رکھ پاتی ہے یا خرابی کی طرف جاتی ہے۔
پاکستان کی اننگز
شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، میچ کے پہلے دن کے اختتام پر شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز بنے۔
دوسرے روز سعود شکیل اور نسیم شاہ نے کھیل کا آغاز کیا تو نسیم شاہ 388 کے اسکور پر 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل کی گری، سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، عامر جمال 7 رنز، شاہین آفریدی 26 رنز اور پھر ابرار احمد 3 بناکر لوٹ گئے۔
سلمان آغا نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے، سلمان آغا نے 15 ویں ٹیسٹ کی 28ویں اننگز میں ایک ہزاررنز مکمل کیے اور 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نےپہلی اننگز میں 556 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ٹیم میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
اکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے ٹیسٹ میچ کا سب سے بڑا سکور
پاکستان اور انگلینڈ کے 2022 میں راولپندی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 1768 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈنے پہلی اننگز میں 657 اور دوسری اننگز میں 264 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 579 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 268 رنز بنائے تھے۔ یہ میچ ڈرا ہوا تھا۔