سٹی42: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ر ا کو حساسس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کو مزید 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھارت کی انٹیلیجنس ایجنسی را کو مبینہ طور پر حساس نوعیت کی معلومات فراہم کرنےوالے 5 ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا۔ ان ملزمان میں معیز احمد، مہران یونس، فیضان کیانی، ارسلان واجد اور نعمان ستار شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے پیر کے روز سماعت کے دوران ملزمان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں کا کیا مسئلہ ہے؟ ریمانڈ میں صرف ایسے آنا جانا نہیں چلتا رہےگا، کیا آپ کو اپنا ملک پیارا نہیں؟ اس دھرتی نے آپ کو پالا پوسا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ملزم نے جواب دیا کہ ہمیں ہمارا ملک پیارا ہے، جس پر جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ملک کی کیا یہ قیمت ہے جو آپ نے کیا ہے؟
ملزم نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے، مسجد کے نام پر پیسے لینے پر ہمیں پھنسایا گیا ہے۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئےکہ اتنی بڑی رقم سامنے آئی ہے، آپ احساس کریں، دنیا میں بھی جواب دینا ہے اور آخرت میں بھی، پیسا یہیں رہ جائےگا، دنیا میں لالچ بہت ملےگی، ایسی سوچ چھوڑ دیں، اچھا انسان بننے کی کوشش کریں، ملک کمزور ہے، معیشت کمزور ہے، درخواست ہے کہ دھرتی پر کرم کریں۔
عدالت نے پانچوں ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ان پانچوں افراد پر بھارت کی خفیہ ایجنسی را کو معلومات فراہم کرنے پر تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔