ملک اشرف: شہریوں کی مختلف محکموں کے خلاف شکایات کا معاملہ، پنجاب حکومت کا محکموں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے والوں کو بڑا ریلیف دینے کے لئے شہریوں کی جائز شکایات کے حل کے لئے ازالہ کمیٹیاں برائے شکایات تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ایڈوکیٹ جنرل خالد اسحاق کی تجویز پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈوکیٹ جنرل خالد اسحاق نے کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر محکموں کے افسران کو میکنزم بارے افسران کو آگاہ کردیاہے۔
ذرائع کے مطابق سائلین کو لاہور ہائیکورٹ رجوع کرنے سے قبل متعلقہ محکمہ کی داد رسی کمیٹی سے رجوع کرنا لازم ہوگا، شکایات کندہ کو درخواست کی وصولی پر کمپیوٹرائزڈ رسید فراہم کی جائے گی، متعلقہ کمیٹی موصول ہونے والی شکایت پر 15 ورکنگ یوم میں فیصلہ کرے گی۔ درخواست پر فیصلہ نہ ہونے کے صورت میں متاثرہ شخص ہائیکورٹ سے رجوع کرسکے گا، لاہور ہائیکورٹ سے رجوع ہونے پر متعلقہ محکمہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ بارے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔
محکموں کی داد رسی کمیٹیاں ہونے سے سائلین کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوسکے گا، تمام محکموں میں سائلین کے لئے داد رسی کمیٹیاں بننے سے سائلین کی وکلاء کی فیسوں کی بچت اور عدالتوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔