(ویب ڈیسک)سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے جون 2023 تک ان تمام فیڈرز پر AMI (ایڈوانسڈ میٹرنگ آف انفراسٹرکچر) میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کے ایک سینئر عہدیدار کا کہناتھا کہ فیڈرز کے علاوہ تمام کمرشل اور صنعتی کنکشنز، بلک صارفین اور لوڈ کے کم ہوتے ہوئے ون پوائنٹ سپلائی پر اے ایم آئی سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب ان فیڈرز سے شروع کی جائے گی جن کے نقصانات کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔
اس سلسلے میں ایک خود مختار ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن پروجیکٹ ڈائریکٹر، دیگر ٹیموں اور پاور ڈویژن کے ساتھ شیئر کرے گی۔ہائی ٹیک سسٹم کی تنصیب سے بجلی کی چوری اور تکنیکی نقصانات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سسٹم انسٹال ہونے کے بعد ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فیڈرز اور ٹرانسفارمرز کو آؤٹ سورس کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ اس سے فیڈر کوڈنگ کو درست کرنے اور صارفین کے حوالہ نمبروں کو صحیح ٹرانسفارمر کے ساتھ ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔
اس کے نتیجے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیاں ریئل ٹائم GMS ٹیکنالوجی کے ذریعے میٹر ریڈنگ لینے کے ساتھ ساتھ میٹر کو دور سےمنقطع کرنے کے قابل بنائے گا جبکہ میٹر مینوفیکچررز اور ٹھیکیداروں کے ساتھ AMI کو لاگو کرنے کے علاوہ میٹروں میں مخصوص خصوصیات شامل کرنے کے لیے تعاون بھی کریں گی۔