زین مدنی: سُر ہے نہ تال ہے، پھربھی گائیگی میں یہ میرا کا کمال ہے۔ انگریزی کی ٹانگیں توڑنے کے بعد اداکارہ میرا نے گائیگی کو اپنا ’’ہدف‘‘ بنا لیا۔
اداکارہ میرا نئے نئے ’’کارنامے‘‘ سرانجام دینے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتیں۔ ان کی گلابی انگریزی کافی مشہور ہے، اگر کہا جائے کہ اداکارہ میرا اپنی اداکاری سے زیادہ اپنی گلابی انگریزی کی وجہ سے مشہور ہیں تو بے جا نہ ہوگا۔ اداکارہ میرا آج کل کام نہ ہونے کے باعث فارغ ہیں، اس فراغت کو بھی میرا نے استعمال میں لاتے ہوئے گلوکاری شروع کردی ہے۔
اداکارہ میرا نے انگریزی کی طرح گلوکاری کی بھی ٹانگیں توڑنے کی ٹھان لی ہے۔ اداکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک گیت کو ’’نشانِ عبرت‘‘ بنا رہی ہیں۔ اداکارہ میرا کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ’’تُو دھار ہے ندیا کی، میں تیرا کنارہ ہوں۔۔ تُو میرا سہارا ہے، میں تیرا سہارا ہوں‘‘ گنگنا رہی ہیں۔
اس گیت میں سُر کا خیال رکھا گیا ہے، نہ تال کا،،، لیکن میرا نے ہمت کرکے اس گیت کو گنگنا کر اس کی ویڈیو بھی وائرل کر دی۔ اداکارہ میرا اپنے منفرد سٹائلز، سکینڈلز اور مخصوص لب و لہجے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، اب گلوکاری کے میدان میں ان کی انٹری ان کے پرستاروں کیلئے ایک نئی خبر ہے۔