(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے کنگ عبداللہ ائیرپورٹ پر حوثی باغیوں کے 2 ڈرون حملوں کے نتیجے میں10 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان عرب اتحاد کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بار پھر سعودی عرب کے شہر جازان میں کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جس کو سعودی فضائیہ کے ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ہی تباہ کردیا، تاہم ڈرونز کے ٹکڑے لگنے کے باعث ائیرپورٹ پر موجود مسافروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں میں 6 سعودی مسافروں سمیت 3 بنگلا دیشی اور ایک سوڈانی ملازم شامل ہے، حملے میں ائیرپورٹ کے کچھ حصوں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
ترجمان عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی شہریوں اور املاک کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم ہیں، شہریوں کے تحفظ کے لیے مناسب آپریشنل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد نے جمعرات کو سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیت کی طرف آنے والے ایک بیلسٹک میزائل اور 2 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا تھا۔اس سے قبل جمعرات کو بھی سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مبینہ حوثی ڈرون حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کے دوران 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔