( سٹی 42 ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز اپیلوں میں 24 نومبر تک پیش ہونے کا آخری موقع دیدیا، عدالت نے وزارت خارجہ کو نوازشریف کے اشتہار پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے ذریعے موصول کرانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں لکھا گیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو، قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان اور دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔
بیانات اور شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالتی حکم پر نواز شریف کو وارنٹ گرفتاری موصول کرانے کی پوری کوشش کی گئی، لیکن وارنٹ موصول نہ ہوسکے۔ عدالت کے پاس نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
تحریری حکم نامہ میں لکھا گیا کہ اشتہار جاری کرکے نواز شریف کو آئندہ سماعت تک عدالت کے سامنے پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہیں، نوازشریف کے اشتہار دو اردو اور انگریزی اخبارات میں شائع کیے جائیں گے۔ پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے ذریعے نواز شریف کو اشتہار موصول کرائے جائیں گے، وزارت خارجہ نواز شریف کی طلبی کا اشتہار ان کی لندن کی رہائشگاہ پہنچانے کیلئے اقدامات کرے۔
حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ نواز شریف کے اشتہار جاری کرنے کیلئے وفاقی حکومت ایک ہفتے کے اندر اخراجات ہائیکورٹ میں جمع کرائے۔