بلدیہ آن لائن ایپ شہریوں کو ریلیف کے بجائے اذیت دینے لگی

9 Oct, 2020 | 07:39 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشادحسین ) پنجاب حکومت کی بلدیہ ایپ ریلیف دینے میں ناکام، برتھ، ڈیتھ اور میرج سرٹیفکیٹس کی 2 ہزار 315 درخواستوں کے مقابلے صرف 797 سرٹیفکیٹس کا اجراء ہوسکا جبکہ طلاق کا ایک بھی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔

حکومت کا مستحکم بلدیہ پنجاب مستحکم کا نعرہ گفت وشنید سے آگےنہ بڑھ سکا۔ بلدیہ آن لائن ایپ شہریوں کے بنیادی نوعیت کے سرٹیفکیٹس کی بروقت فراہمی میں ناکام ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایک سو سات فیلڈ دفاتر میں برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس کی سینکڑوں درخواستیں التواء کاشکار ہیں۔

پچاس روز میں بلدیہ آن لائن ایپ پر 2 ہزار 315 درخواستوں موصول ہوئیں  جن میں ایک ہزار 558 درخواستیں التواء کا شکار ہیں۔ شہریوں کو صرف 757 برتھ، ڈیتھ اور میرج سرٹیفکیٹس جاری ہوسکے جبکہ طلاق کا ایک بھی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔ بلدیہ آن لائن ایپ پر برتھ سرٹیفکیٹس کے لیے 1077 درخواستیں اپ لوڈ ہوئیں جبکہ 892 زیرالتواء ہیں اور 258 برتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔

 16 شہریوں کو ڈبلیکیٹ سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے جبکہ ایک سرٹیفکیٹ فیک نکلا۔ ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی 384 درخواستیں موصول ہوئیں، صرف 33 جاری ہوسکے۔ ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی 348 درخواستیں زیر التواء اور ایک ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کیا گیا۔ میرج سرٹیفکیٹس کی 57 درخواستوں میں سے 50 زیر التواء جبکہ صرف 7 ایشو ہوسکے۔ 

طلاق کی 38 درخواستوں میں سے ایک بھی شہری کو ڈائیورس سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوسکا۔ شہریوں نے متفرق مسائل سے متعلق 797 درخواستیں اپ لوڈ کیں۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے 95 شکایات نمٹائیں، 322 زیرالتوا جبکہ 253 دوسرے محکموں کو ارسال کردی گئیں۔

میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر زبیر وٹو کا کہنا ہے کہ شہری سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے درخواستیں اپ لوڈ کرتے ہیں، لیکن مطلوبہ ڈاکیومنٹس کی فراہمی نہ ہونے سے درخواستیں انڈر پراسس ہیں۔

مزیدخبریں