پولیس میں بھی فوج کی طرز پر کورٹ مارشل، سی سی پی او نے تجویز دیدی

9 Oct, 2020 | 12:55 PM

Sughra Afzal

کوئنز روڈ(عرفان ملک) پولیس میں بھی اب آرمڈ فورسز کی طرز پر کورٹ مارشل، پولیس میں سزا کا فرسودہ نظام ختم کرنے کیلئے سی سی پی او نے آئی جی پنجاب کو پولیس میں کورٹ مارشل قانون نافذ کرانے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔

سی سی پی اوعمر شیخ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پولیس میں بہترین ڈسپلن اورمؤثر سروس ڈلیوری کیلئے سخت سے سخت قوانین بنانا ہوں گے، گزشتہ پانچ سال کے ریکارڈ کے مطابق 25 سے30 فیصد سے زائد نفری کوسزائیں دی گئیں۔

 خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ قوانین کے تحت سزائیں دینے سے کوئی بہتری نہیں آرہی، کورٹ مارشل متعارف کرانے کا مقصد غفلت اور کوتاہی پر کوئی اہلکار وافسر دوبارہ نوکری پربحال نہ ہو سکے، موجودہ قوانین کے تحت سخت سے سخت سزاؤں کے باوجود اہلکار و افسر محکمے کا حصہ ہیں، پولیس میں نوکری سے نکالے جانے پراہلکار دوبارہ سول کورٹس، سروس ٹربیونل و دیگر طریقوں سے واپس آجاتے ہیں، اس لیے کورٹ مارشل کا قانون لانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

دوسری جانب سی سی پی او نے آئی جی پنجاب کے اختیارات کا استعمال شروع کر دیا، عمر شیخ نے اختیار ملنے سے پہلے ہی ایس ڈی پی اوز کیخلاف کارروائیاں شروع کر دیں۔سی سی پی او عمر شیخ نے آئی جی پنجاب سے ڈی ایس پیز کے تبادلے کرنے کے اختیارات مانگے تھے، لیکن آئی جی کی جانب سے تاحال سی سی پی او کو اختیارات نہیں سونپے گئے، لیکن عمر شیخ نے خود ساختہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کو خود ہی کلوز کرنا شروع کردیا۔

مزیدخبریں