ویب ڈیسک: رائیونڈ میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گیا جہاں مندوبین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور لاکھوں افراد پنڈال میں پہنچ چکے ہیں۔
اس حوالے سے لاہور پولیس کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی دیگر افسران کے ہمراہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے خود رائیونڈ تبلیغی مرکز پہنچے۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی آپریشنز ناصر علی رضوی نے بریفنگ کے بعد کہا کہ چیکنگ کے بغیر کسی بھی فرد کو پنڈال میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے اور اجتماع کے شرکاء کی چیکنگ بذریعہ والنٹیئرز عمل میں لائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیوٹی پر تعینات جوان مشکوک اشیاء و افراد پر کڑی نظر رکھیں اور اجتماع کے شرکاء کوغیرمعیاری سلنڈرز ساتھ لیجانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔
واضح رہے کہ رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 2 نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہا تھا، تبلیغی اجتماع میں پہلے مرحلے کی اختتامی دعا مولانا ابراہیم نے کروائی تھی۔