پاکستان کے استحکام کیلئے الیکشن اصلاحات ضروری ہیں: سراج الحق

9 Nov, 2022 | 04:23 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وفد کے ہمراہ عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

دونوں رہنماؤں میں ملکی معاملات اور سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ سراج الحق نے عمران خان کی صحت یابی کی دعا کی، ملاقات کے بعد سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لیے الیکشن اصلاحات ضروری ہیں، جن کے بغیر الیکشن پہلے دن ہی متنازعہ ہوجاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ الیکشن یرغمال ہوتے ہیں جس کے پاس پیسہ ہوتا ہے وہ پیسہ خرچ کرتا ہے، اسٹیبلشمنٹ نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہیں گے، اگر ادارے نے خود غیر جانبدار رہنے کا اعلان کیا ہے تو ہمیں چاہئے کہ ایک طریقہ کار بنالیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اگر کمزور ہو اور ہر کوئی اسے استعمال کرے تو احتجاج ہوگا، الیکشن ریفارمز کے بغیر کوئی الیکشن قبول نہیں کرے گا، ہم اس معاملے میں متاثرہ فریق ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے بات کروں گا، سب ہی جماعتیں حکومت میں شامل ہیں اس لیے نقصان صرف عوام کا ہورہا ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ ایک ہی راستہ ہے کہ غیر جانبدارانہ الیکشن ہو، اگر الیکشن ہی راستہ ہے تو کیوں نہ ریفارمز پر بات کرکے الیکشن کی طرف جایا جائے، سیاسی جنگ کے بعد بھی الیکشن ہے راستہ ہے، ماضی میں جب بھی سیاستدان لڑے تو مارشل لاء آیا۔

 

مزیدخبریں