ویب ڈیسک : مستحق گھرانوں کیلئے کم قیمت احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجراء۔۔درخواستیں پورٹل پر جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
احساس راشن رعایت پورٹل رجسٹریشن کیلئے کھول دیا گیا۔ڈاکٹر ثانیہ نشترنے اسلام آباد میں ایک کریانہ دکاندار کی احساس رجسٹریشن پورٹل پر درخواست خود درج کروائی۔ اس موقع پر احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پورٹل کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کرواسکتے ہیں۔ فی گھرانہ ایک ہی درخواست جمع ہوگی جبکہ ہر گھرانہ اندراج کیلیئے گھر کے ایک فرد کو چنے گا۔درخواست گزار گھرانے یقینی بنائیں کہ موبائل سم گھرانے کے اسی فرد کے نام پر رجسٹر ہو۔اہل ٹھہرائے جانے کی صورت میں صرف رجسٹرڈ فرد راشن رعایت حاصل کر سکے گا۔ رجسٹریشن کے 4 ہفتوں کے اندر گھرانوں کو انکی اہلیت کے پیغامات 8171 سے بھجوا دئیے جائیں گے۔ 2 کروڑ اہل گھرانے آٹا خوردنی تیل، دالوں پر ماہانہ ایک ہزار کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔ کریانہ دکاندار بھی راشن رعایت پروگرام میں شریک ہونے کیلئے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں تاہم اس کے لئے کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کیلئے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔ جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔ حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے خصوصی پیکج سیل پر پرکشش کمیشن دیا جائے گا۔ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے جائیں گے۔