احتشام کیانی : نور مقدم قتل کیس میں سی سی ٹی وی ٹرانسکرپٹ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں دل دہلا دینے والے خوفناک مناظر کا ذکر ہے۔
ریکارڈ شدہ ٹرانسکرپٹ کے مطابق 18 جولائی کی رات دس بجکر اٹھارہ منٹ پر نور مقدم فون سنتے ہوئے ملزم کے گھر داخل ہوئی جس کے بعد 19 جولائی رات دو بجکر انتالیس منٹ پر ظاہر ذاکر اور نور مقدم بیگ لیکر گیٹ سے نکلتے نظر آتے ہیں۔ رات گھر کے مین گیٹ کے باہر ٹیکسی میں سامان رکھ کر دوبارہ گھر میں داخل ہوئے۔ تاہم دو بجکر اکتالیس منٹ پر نور مقدم انتہائی گھبراہٹ اور خوف میں ننگے پاﺅں گیٹ کی طرف بھاگ کر آتی ہے لیکن چوکیدار افتخار نور مقدم کے باہر آنے پر میں گیٹ کو بند کردیتا ہے اور اس کا تعاقب کرتے ہوئے ظاہر جعفر گیٹ پر آ کر نور مقدم کو دبوچ لیتا ہے ۔
نور مقدم ہاتھ جوڑ کر ظاہر ذاکر کی منت سماجت کرتی نظر آتی ہے۔۔لیکن ظاہر جعفر بے دردی سے بالوں سے کھینچتا ہوا نور مقدم کو زبردستی گھر کے اندر لے جاتا ہے۔ رات دو بجکر چھیالیس منٹ پر ظاہر ذاکر اور خوفزدہ نور مقدم د ونوں گھر سے نکل کر مین گیٹ پر آتے ہیں اورٹیکسی میں بیٹھ کر چلے جاتے نظر آتے ہیں۔
رات دو بجکر 52 منٹ پر ظاہر ذاکر اور نور مقدم بیگ لیکر اس گھر میں مین گیٹ سے داخل ہوتے ہیں۔ مین گیٹ پر افتخار چوکیدار گھر کے صحن میں نظر آتا ہے جبکہ کالے رنگ کا خوفناک کتا بھی موجود ہے۔ 20 جولائی کو شام سات بجکر بارہ منٹ پر نور مقدم فرسٹ فلور سے چھلانگ لگا کر گراﺅنڈ فلور کی گیلری کے ساتھ لگے جنگلے پر گرتی ہے۔نور مقدم کے ہاتھ میں موبائل فون بھی ہوتا ہے وہ لڑکھڑاتی ہوئی بیرونی مین گیٹ پر آتی ہے۔ نور مقدم باہر جانا چاہتی ہے گیٹ پر چوکیدار افتخار اور مالی بھاگ کر گیٹ بند کرتے نظر آتے ہیں۔
اسی اثنا میں ظاہر ذاکر گھر کے فرسٹ فلور کے ٹیرس سے چھلانگ لگا کر گراونڈ فلور پر آتا نظر آتا ہے۔ ظاہر ذاکر دوڑ کر نور مقدم کو پکڑ کر گیٹ پر بنی کیبن میں بند کردیتا ہے اور پھرکیبن کھول کر موبائل فون نور مقدم سے چھین لیتا ہے۔ ظاہر ذاکر نور مقدم کو کیبن سے نکال کر گھر کے اندر زبردستی گھسیٹ کر لے جاتا نظر آتا ہے۔
20 جولائی آٹھ بجکر چھ منٹ پر تھراپی ورکس کی ٹیم گھر کے گیٹ سے اندر آتی ہے۔ تھراپی ورک ٹیم آٹھ بجکر بیالیس منٹ پر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے۔ آٹھ بجکر پچپن منٹ پر تھراپی ورکس ایک زخمی کو گھر سے باہر گیٹ کی طرف لے جاتے نظر آتے ہیں، ڈی وی آر کیمرے کا وقت پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم سے پینتیس منٹ آگے ہے۔