ویب ڈیسک: ٹیسلا کارکمپنی کے سی ای او ایلن مسک کی جانب سے ٹیسلا کے شئیرز کی فروخت کے حوالے سے ٹوئٹرپر لی گئی رائے کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں تین فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
الیکٹرک کار ٹیسلا کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلن مسک نے ٹویٹر پر ٹیسلا کے 10 فیصد شئیرز فروخت کرنے کے حوالے سے اپنے فالوورزسے رائے مانگی تھی جس میں 3.5 ملین سوشل میڈیا صارفین نے حصہ لیا اور ان کی اکثریت یعنی 57.9 فیصد کا کہنا تھا کہ شئیرز فوری بیچ دیں جبکہ 42.1 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ نہیں ابھی نہیں۔
ایلن مسک تین کھرب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین فرد ہیں تاہم ان کاکہنا تھا کہ آنے والے کچھ مہینوں میں بھاری ٹیکسز کے باعث وہ اپنے کچھ شئیرز بیچنا چاہتے ہیں ۔ شئیرز تو پتہ نہیں وہ فروخت کرینگے یا نہیں لیکن ان کے ٹوئٹر پر صرف سروے کے باعث ٹیسلا کے شئیرز میں کمی واقع ہوگئی ۔ ایلن مسک کے ٹیسلا کی ملکیت میں 23 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کے 170.5 ملین شئیرز ہیں اور جس کے 10 فیصد کی مالیت 21 ارب ڈالر ہے۔ ان کی ٹویٹ کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمت 1187.49 ڈالر سے گر کر 1149.79 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ہمیشہ تنازعات میں گھرے رہنے والے ایلن مسک نے 2018 میں بھی ٹیسلا کے حوالے سے ایک ٹویٹ کیا تھا جس پر امریکی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن نے انہیں 20 ملین ڈالر جرمانہ کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ ٹیسلا الیکٹرک کمپنی کی سربراہی چھوڑ دیں۔