جشن عید میلاد النبی ﷺ، گلیاں، بازار سج گئے

9 Nov, 2019 | 07:48 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42) سرور کائنات حضرت محمدﷺ کا یوم ولادت ہر سال مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، اہل ایمان نبی آخر الزماںﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے جہاں محافل کا انعقاد کرتے وہیں گلی کوچوں اور عمارات کو دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے۔

بڑے تو بڑے، بچے بھی عید میلاد النبیﷺ کا جشن منانے کیلئے پرجوش ہیں، عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے گھر اور عمارتیں بھی رنگ برنگے برقی قمقموں سے جگمگانے لگی ہیں۔ شہر کے کونے کونے میں پیارے رسولﷺ سے عقیدت کے سلسلہ میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

گھروں، گلیوں مساجد سمیت دیگر عمارات کی سجاوٹ کیلئے بازاروں میں سبز جھنڈے، بینرز، بیجز اور چراغوں سمیت دیگر سامان کی خریداری کیلئے بچوں بڑوں کا خوب رش ہے۔ عاشقان رسول ﷺ کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کی حقیقی عید تو ماہ ربیع الاول میں ہوتی ہے جب ہر طرف صرف آقا دو جہاں کی خوشیاں منائی جاتی ہیں۔

کاشانہ میں آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں سالانہ محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا، ننھنی پریوں نے آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی بھی ڈالی گئی، محفل میلاد کے اختتام پر امت مسلمہ کی سلامتی اور امن وبھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے شاہ عالم مارکیٹ سے بھی جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت تاجر رہنما خواجہ محمد عامر اور ندیم ہاشمی نے کی۔ اس موقع پر تاجروں کی بڑی تعداد جلوس میں شریک ہوئی۔ جلوس کے شرکا نے سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے بلند کیے جبکہ فضا درُود سلام سے گونجتی رہی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ سرکار کی آمد کی خوشی منا کر انھیں روحانی سکون حاصل ہوتا ہے۔

مزیدخبریں