"علامہ اقبال کی شاعری قرآن و سنت کی عکاسی کرتی ہے"

9 Nov, 2019 | 10:34 AM

Sughra Afzal

(علی اکبر) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے  کہ علامہ اقبال کی شاعری قرآن و سنت کی عکاسی کرتی ہے،اقوام کو اقبال کی فکر اور نظریات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، علامہ اقبال عالم اسلام کے اتحاد کے خواہاں تھے۔

 حکیم الامت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے زمانے میں مسلمانوں کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے اور متحد ہو کر ایک ریاست کا شہری بنانے کا خواب دیکھا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب تھاکہ ایک ایسی ریاست قائم ہو جس میں مسلمان دین اسلامی کے مطابق آزادی سے زندگی بسر کر سکیں،اقبال کی شاعری نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ عالم اسلام کے مسلمانوں کے لیے اپنی خودی کو پانے، اتحادواتفاق اور ایک اچھا مسلمان بننے کی اہمیت پر درس دیتی ہے بلکہ ایک کامل مسلمان کے اوصاف بھی بیان کرتی ہے، اقبال ایک انقلابی شاعر تھے۔

دوست محمد مزاری نے کہا کہ انہوں نے آزاد انسان بننے کے طریقے سکھائے اور مسلمان قوم کو ان کا ماضی یاد کراتے ہوئے انہیں جگانے کی کوشش کی اور اپنی اس کو شش میں کامیاب بھی رہے،اس کا پھل آج ریاست پاکستان کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے

مزیدخبریں