قذافی بٹ: صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کون سا انڈیا کے لال قلعہ پر پاکستان کا جھنڈا لگا کر آئے ہیں جو نیب کے دفتر کے باہر شایان شان استقبال کرواتے رہے۔
حمزہ شہباز کی نیب آمد پر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے بےتاج بادشاہ حمزہ شہاز اپنے کرپشن کی بارات لے کر نیب کے دفتر گئے۔ دفترپہنچنے پر پھول نچھاور کرکے ایسا استقبال کیا گیا کہ جیسے وہ کشمیر کو فتح کرکے آئے ہوں، کل نیب کو کالا قانون کہہ کر آج اپنے اوپر پھول نچھاور کروارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اپنے کارکنوں کی تربیت کریں اور انہیں بتایا جائے کہ وہ نیب میں چوری اور کرپشن کے کیس میں بلائے گئے تھے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نیب کوحمزہ شہباز کو دھرتی ماں کے خزانے کو لوٹنے کے جرم میں بلایا گیا تھا۔