پنجاب میں تبدیلی آگئی، ایوان وزیراعلیٰ میں محمود و ایاز ایک ہوگئے

9 Nov, 2018 | 03:08 PM

Sughra Afzal

(علی اکبر) پنجاب میں تبدیلی آگئی، ایوان وزیر اعلیٰ میں سب محمود و ایاز ایک ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے افسران کے ساتھ لان میں زمین پر بیٹھ کر کھانا کھا کر سادگی کی نئی مثال قائم کردی۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی رہائش گاہ پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گریڈ ایک سے 21 تک کے افسروں اور عملے کے اعزاز میں فرشی تقریب کا انعقاد کیا۔ وزیر اعلیٰ نے عملے اور افسروں کے ساتھ لان میں زمین پر بیٹھ کر کھانا کھایا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں۔ پروٹوکول کلچر کو بھی تبدیل کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ آفس میں کام کرنے والے ان کے دست بازو ہیں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ بے پناہ مصروفیات کے باعث وہ آبائی گھر نہیں جاسکے تمام عملہ اور افسران بھی ان کی فیملی کی طرح ہیں۔ انہوں نے افسروں اور ملازمین کیلئے اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا، جبکہ پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ آج کی تقریب، ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز کی عملی تفسیر ہے۔ تقریب کےانعقاد پر افسر و ملازمین نے وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت بھی موقع پر موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں