وزیراعظم کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس

9 May, 2024 | 12:17 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر دفاع خواجہ آصف شریک ہیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس میں نوید قمر اور شیری رحمان سمیت مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق بھی موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں 9 مئی کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‏9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں۔ یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کردینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کردینے والا دِن ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں۔ دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دِل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم اور تاریخ سانحہ نو مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔

مزیدخبریں