ویب ڈیسک: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پی ایچ ڈی، ایم فل، ماسٹرز ڈگری اور انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں صحت پر ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے تحقیقی منصوبوں کو بھی شامل کرے گی۔اس سلسلے میں یونیورسٹی وزارت ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی سے اشتراک کرے گی جبکہ سارک ممالک کی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جائیں گے۔
یو ایچ ایس کے جناح کیمپس میں انتظامی اور تدریسی شعبوں کے سربراہوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ پاکستان دو موسمی نظاموں کے منفی اثرات کا شکار ہے۔ہمارے پاس ابھی وقت ہے کہ ہم اپنی ترجیحات پر ازسر نو غور کریں۔
پروفیسر راٹھور نے ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی کہ وہ انفیکشن کنٹرول، ہاسپٹل کے فضلے کو تلف کرنے کے طریقوں، ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے ڈپریشن، نیند اور سانس کے مسائل، گردوں کے امراض، الرجی اور بانجھ پن پر تحقیق کریں۔