ویب ڈیسک: سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے اداروں کیخلاف بیانات اور عوام کو انارکی کیطرف اکسانے کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھوں ایک آئینی عمل کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے اور اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، جن میں سزا سے بچنے کے لئے عمران خان قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس نے اداروں کو بدنام کرنے اور ان میں نفاق ڈالنے کے لئے جو مہم چلائی ہے وہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے اور اس کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔