ویب ڈیسک: تعطیلات کے بعد معمول کے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی ریکارڈ کی جارہی ہے، 100 انڈیکس 44 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات ختم ہوجانے کے بعد معمول کے کاروباری ہفتے کے پہلے روز سوموار کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی جارہی ہے۔دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 884 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 44 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر کر 43 ہزار 991 پر پہنچ گیا۔
تھوڑی دیر بعد کم ہونے والے پوائنٹس کی تعداد 1 ہزار 71 ہوگئی، اس وقت انڈیکس 43 ہزار 769 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ عید الفطر کے ہفتے کے دوران واحد کاروباری روز جمعہ 6 مئی 2022 بھی معاشی لحاظ کچھ خاص بہتر نہ رہا، اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 408 پوائنٹس کمی کے ساتھ 44 ہزار 840 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ڈالر کی قیمت میں بھی 94 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 186 روپے 63 پیسے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت 187 روپے 50 پیسے میں جاری رہی.