لاہور بند؛ تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کے احکامات جاری

9 May, 2021 | 09:30 PM

M .SAJID .KHAN

(فہد بھٹی)کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر شہر میں لاک ڈاؤن، تمام کاروباری سرگرمیاں معطل، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے کے لئےشہر بھر میں پولیس کا گشت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے شہر بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس میں تمام کاروباری مراکز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ، انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل سٹور، ویکسین سینٹر ، پھل سبزی فروش ، گوشت اور دودھ دہی کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی۔

شہر میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے کےلیے پولیس کی جانب سے شہر بھر میں گشت کیا گیا اور سنیپ چیکنگ بھی کی گئی،لاک ڈاؤن کے باعث شہر کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی، سڑکیں ویرانے کا منظر پیش کرتی رہیں۔

مزید پڑھئے: پنجاب میں ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی کب ختم ہوگی؟یاسمین راشد نے بتادیا

علاوہ ازیں سی سی پی او غلام محمود ڈوگر اور کمشنر کیپٹن (ر)محمد عثمان کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا، فلیگ مارچ میں ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی، سی ٹی او سید حماد عابد، لاہور پولیس، ڈولفن، ٹریفک پولیس، پیرو اور ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا، فلیگ مارچ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی قیادت میں پولیس لائنز سے شروع ہوا ۔

شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو چوک، علامہ اقبال روڈ، دھرم پورہ،کینال روڈ سے جیل روڈ، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی چوک،کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، کوٹھا پنڈ، اکبر چوک، ٹاؤن شپ بازار اور باگڑیاں بازار تک فلیگ مارچ کیاگیا،سی سی پی او اور کمشنر لاہور نے گڑھی شاہو بازار، ایم ایم عالم مارکیٹ، کوٹھاپنڈ، ٹاؤن شپ اور باگڑیاں بازار کا دورہ کیا۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو حکومتی گائیڈ لائنز کی یاد دہانی کروانا ہے،فلیگ مارچ سے شہریوں میں احساس تحفظ بڑھا اور جرائم پیشہ افراد کو واضح پیغام پہنچا ہے۔ 

مزیدخبریں