رضوان نقوی: سال2017سےسال 2020 تک کروڑوں روپے مالیت کا سونا،پرائز بانڈز اور ڈالرز خریدنے والے سرمایہ کار ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے۔ ڈالرز،پرائز بانڈز اور سونا خریدنے والوں کے پاس سرمایہ کہاں سے آیا؟ ایف بی آر نے چھان بین شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے گولڈ، پرائز بانڈز اور ڈالرز خریدنے والے سرمایہ کاروں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین شروع کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے سال2017سےسال 2020 تک کروڑوں روپے مالیت کا سونا،پرائز بانڈز اور ڈالرز خریدنے والوں کے ٹیکس معاملات کی چھان پھٹک کا عمل شروع کیا ہے۔
ایف بی آر کی ٹیمیں سرمایہ کاری کرنیوالوں کی تھرڈ پارٹی معلومات اکٹھی کریں گی۔ ایف بی آر اس امر کا جائزہ لے گا کہ ڈالرز ،پرائز بانڈز اور سونا خریدنے والوں کے پاس سرمایہ کہاں سے آیا؟۔گوشواروں میں سرمایہ کاری ظاہرنہ کرنے والوں کا بھی کڑا حساب ہوگا۔
ڈالرز، پرائز بانڈز اور گولڈ کے غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔ٹیکس نیٹ میں موجود ہونے کے باوجود سرمایہ کاری کی درست تفصیلات چھپانے والوں کو بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے۔