(زین مدنی )اداکار عدنان صدیقی نے سابق قومی کپتان سرفراز احمد کا مذاق اڑانے اور ان کی تضحیک کرنے پر لائیو شو کے دوران معافی مانگ لی تاہم فہد مصطفی نے اس موضوع کو ہی غیر اہم قرار دے دیا۔
دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے گیم شو کے دوران عدنان صدیقی نے سرفراز احمد کے ہکلاکر بولنے کے انداز کا مذاق اڑایا تھا اور ان کی نقل اتاری تھی۔ عدنان صدیقی کی اس حرکت کو سوشل میڈیا پر بے حد تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان سے سرفراز احمد سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد عدنان صدیقی نے گزشتہ روز لائیو شو کے دوران سابق کپتان سے اپنی حرکت کی معافی مانگی لی۔ تاہم اس دوران شو کے میزبان فہد مصطفی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا آپ ہمارے بڑے ہیں, آپ ہمیں لائیو تھپڑ بھی ماردیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا, لہذٰا یہ فضول کی باتیں ہیں ہم آپ سے معافی مانگتے ہیں کہ لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے ایک بار پھر سرفراز احمد کا اسی انداز میں مذاق اڑایا جس طرح عدنان صدیقی نے اڑایا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ٹی وی شو میزبان عامر لیاقت حسین نے اپنے شو کے دوران بھارتی اداکارہ سری دیوی اور اداکار عرفان خان کے انتقال کو لے کر عدنان صدیقی کے ساتھ نامناسب مذاق کیا۔ میزبان عامر لیاقت نے عدنان صدیقی سے کہا کہ 'آپ جس اداکار کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ دنیا سے چلا جاتا ہے، آپ نے سری دیوی کے ساتھ کام کیا وہ بھی چلی گئیں اور آپ نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا تو وہ بھی انتقال کرگئے'۔ عدنان صدیقی کو یو بات ناگوار گزری اور عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عامر لیاقت کے شو میں شرکت کرنے پر انہیں پچھتاوا ہوا ہے تاہم بعد ازاں عامر لیاقت نے عدنان صدیقی سے معافی مانگ لی۔