(زین مدنی )گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کورونا وائرس سے لڑتے اپنے ڈاکٹر والد اور بھائیوں کو سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا۔
تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فرحان سعید نے ایک فوٹو کولاج شیئر کیا جس میں اُن کے والد ڈاکٹر راحت سعید، بھائی ڈاکٹر ہارون سعید اور ڈاکٹر سلمان سعید کی تصاویر ہیں۔ انسٹاگرام پر شیئر کیے جانے والے اِس فوٹو کولاج کو کیپشن دیتے ہوئے فرحان سعید نے لکھا کہ ’میں یہ جانتا ہوں کہ ڈاکٹر بننا کتنا مشکل ہے کیونکہ میں بچپن سے ہی اپنے والد اور دونوں بھائیوں کو دیکھتا آرہا ہوں، میں نے دیکھا ہے کہ کس طرح میرے والد اور میرے بھائی راتوں کو جاگ کر مطالعہ کرتے تھے۔
گلوکار نے لکھا کہ ’میں نے اپنے والد کو ہر وقت اسپتال میں ڈیوٹی دینے کے لیے تیار دیکھا ہے، میں نے اُن کو جس طرح سے سخت محنت کرتے دیکھا ہے مجھے اُن پر فخر ہوتا ہے۔‘ اُنہوں نے لکھا کہ ’اب جب میں کورونا کی جنگ میں اپنے والد اور بھائیوں کو فرنٹ لائن ہیروز کی حیثیت سے لڑتے دیکھتا ہوں تو میرا دل اُن کی صحت کے حوالے سے بہت پریشان ہوتا ہے۔‘
فرحان سعید نے لکھا کہ ’میں اِس بہادری اور ہمت کے لیے اپنے والد اور دونوں بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور دُعا کرتا ہوں کہ اللّہ تعالیٰ میرے والد ڈاکٹر راحت سعید، میرے بھائی ڈاکٹر ہارون اور ڈاکٹر سلمان سعید کو سلامت رکھے۔‘ گلوکار نے لکھا کہ ’میں اپنے والد اور بھائیوں سے بہت محبت کرتا ہوں اور اب میری نظر میں اُن کی عزت مزید بڑھ گئی ہے۔‘ آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس مشکل وقت میں آپ اور پوری دُنیا کے فرنٹ لائن ہیروز محفوظ رہیں اور اِسی طرح محنت کرتے رہیں، ہمارے ہیروز کے لیے میرا بہت سارا پیار اور دُعائیں۔‘