قذافی بٹ: وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے متاثرہ طبقوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے میڈیا ورکرز کو بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کا درجہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سردار عثمان بزدار نے تمام صوبوں سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ریلیف پیکج شروع کیا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے میڈیا ورکرز کو بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کا درجہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا میڈیا ریلیف پیکج میڈیا ورکرز کی خدمات کا اعتراف ہے، فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی رپورٹنگ کے دوران متاثر ہونے والے میڈیا ورکرز کو ایک لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے خدانخواستہ وفات کی صورت متاثرہ ورکر کے خاندان کو دس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وفات پانے والے میڈیا ورکر کی فیملی کو تاحیات دس ہزار روپے ماہانہ پنشن کی صورت میں دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکج حاصل کرنے کے لیے درخواستیں ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ درخواست دہندہ کے شناختی کارڈ بمعہ آفس کارڈ کی کاپی، کرونا تشخیصی رپورٹ اور ادارے کی جانب سے لیٹر درکار ہو گا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ درخواست دہندہ کا کرونا ٹیسٹ کسی سرکاری لیبارٹری سے ہونا ضروری ہے،بزدار حکومت میڈیا ورکرز کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 183 اموات ہوچکی ہیں، 4 ہزار 62 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، کورونا سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 143 پولیس ملازمین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 188 کو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔