(علی ساہی) ملک میں شہری ایمرجنسی ون فائیو پر کالزکر کےپولیس کوتنگ کرنےلگے،پنجاب بھر سے ون فائیو پر 18 لاکھ 79 ہزار کالز موصول کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں بدستور جاری ہیں، اموات کی شرح میں اضاٖفہ ہورہا ہے ، حکومت کی طرف سے عوام کو کورونا سے بچاو کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جارہا ہے، لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ بھی متوقع ہے جس کے باعث سڑکوں پر چہل پہل مزید برھ جائے گی اور کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے کے سو فیصد امکانات ہیں، کورونا سے آگاہی مہم اور روک تھام کے لئے پنجاب پولیس بھی پیش پیش ہے۔ مگرشہری ایمرجنسی 15 پر کالز کر کے پولیس کوتنگ کرنے لگے۔پنجاب بھر سے 15 پر 18 لاکھ 79 ہزار کالز موصول کی گئیں۔ 2 لاکھ 42 ہزار 596 کالز درست، 10 لاکھ 73 ہزار 445 جعلی کالز کی گئیں۔
5 لاکھ 62 ہزار 738 کالز ڈراپ اور 96 ہزار 625 معلوماتی کالز کی گئیں۔قوانین کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 24 ہزار 136 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ 51 ہزار 736 دیگرمدد، 20 ہزار 795 پبلک آرڈراور 14 ہزار 551 شخصی جرائم کی کالزموصول جبکہ 19 ہزار 976 راہزنی وڈکیتی، 9760 متفرق کالز کی گئیں اسی طرح 2 ہزار 68 ٹریفک معلومات کے لیے کالز کیں گئیں۔سیف سٹیز اتھارٹی نے اپریل 2020 کے اعدادو شمار جاری کر دیئے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوکم سے کم رکھنے کیلئے اپنی جانوں کو پرواہ کئے بغیر خدمات سر انجام دے رہی ہے جو پولیس فورس کی فرض شناسی اور عوامی خدمت کے بے لوث جذبے کا عکاس ہے۔ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں مصروف عمل تمام اداروں کی کاوشیں اور کردار قابل تعریف ہے بالخصوص پنجاب پولیس کی ان خدمات اور قربانیوں کو صدیوں فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔
آج کے حالات میں جب ملک میں کرونا وائرس کی وبا عام ہے پولیس کے جوان ہر وقت ناکوں پر موجود ہیں،دن اور رات کی تفریق کئے بنا اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں۔پنجاب کے ہر ضلع میں پولیس کے جوان ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔لاہور سمیت پنجاب بھرمیں کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ٹریفک پولیس و موٹر وے پولیس سمیت پنجاب پولیس ہراول دستے کے طور پر انتظامیہ کے شانہ بشانہ شریک ہے۔
کرونا وائرس کو روکنے کیلئے لوگوں کا باہمی میل ملاپ کو کم سے کم کرنا پڑتا ہے اور ایسی صورتحال میں لوگوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنا از حد ضروری ہے اور یہ ڈیوٹی پولیس کے جوان احسن طور پر سرانجام دے رہے ہیں۔