ماہرہ خان نے کورونا وائرس کا انٹرویو کر ڈالا

9 May, 2020 | 07:50 AM

Sughra Afzal

ڈیفنس (زین مدنی ) پاکستان فلم اورڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے دنیا بھر میں تباہی مچانے والے خطرناک  وائرس  کورونا کا انٹرویو کرڈالا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ ماہرہ خان کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ماہرہ خان ٹک ٹاک ویڈیو کی طرز پر دنیا کے حالات بدلنے والے وائرس کا محل وقوع جان رہی ہیں،انٹرویو کرنے والی بھی ماہرہ خان خود ہی ہیں جبکہ کورونا کا کسی ویمپائر سے متشابہہ روپ بھی انہی کا ہے، کورونا نے دلچسپ انداز میں اپنا سرنیم وائرس، عرفیت کووِڈ، عمر 19سال، ماں کا نام چین اور حالیہ بوائے فرینڈ امریکا جبکہ سابقہ اٹلی بتایا۔ ماہرہ خان کے فالوورز اس پوسٹ سے خوب محظوظ ہوتے ہوئے تعریفی تبصرے کررہے ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان کا شمار برصغیر کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ماہرہ خان پاکستانی فلم انڈسٹری سمیت بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی یکساں مقبول ہیں اور بھارت میں ان کے کروڑوں چاہنے والے موجود ہیں جن میں بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سمیت متعدد فنکار شامل ہیں، ماہرہ خان نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘میں کام کرکے بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کیا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں  کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2  لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 40لاکھ 9 ہزار 472 ہوگئی، ہزاروں کے لیے جان لیوا ثابت ہونے والا  کورونا وائرس  پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 26435تک پہنچ گئی جبکہ  مہلک وائرس سے 599 افراد  موت کے منہ میں چلے گئے ۔
 

مزیدخبریں