شملہ پہاڑی (زین مدنی )پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے عاطف اسلم کی آواز میں قوالی ’تاجدار حرم‘ کو پسندیدہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے متعدد بار مشورہ دیا گیا کہ میں پاکستانی موسیقی کے بارے میں معلومات میں اضافہ کروں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اُن کے ایک ساتھی نے انہیں کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں پڑھی جانے والی عاطف اسلم کی آواز میں معروف قوالی ’تاجدار حرم‘ سننے کی تجویز دی جس سے وہ خوب لطف اندوز ہوئے۔
انہوں نے دیگر لوگوں سے بھی مزید پاکستانی موسیقی کی سفارشات مانگیں جس کے جواب میں صارفین کی بڑی تعداد اپنی من پسند موسیقی شیئر کررہے ہیں۔ کرسچن ٹرنر کے تعریفی پیغام کے جواب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔