وفاقی کابینہ کا اجلاس، نیشنل کلین ایئر اور حج پالیسی کی منظوری

9 Mar, 2023 | 07:56 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا, وفاقی کابینہ نے وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی سفارش پر نیشنل کلین ایئر پالیسی کی منظوری دیدی۔

 وفاقی کابینہ  کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ قومی کلین ایئر پالیسی کی تشکیل پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی قابل ستائش ہے. انہوں نے کہا کہ کلین ایئر پالیسی پر موثر عمل درآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،وفاقی کابینہ کو وفاقی وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے نیشنل کلین ایئر پالیسی (National Clean Air Policy)  منظوری کیلئے پیش کی گئی۔

 کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ برسوں میں فضائی آلودگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس رپورٹ 2022-23 کے مطابق کراچی اور لاہور پاکستان میں ہوا میں موجود آلودگی کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثر شہر ہیں، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فضائی آلودگی کی وجہ سے انسانی عمر کی اوسط حد میں 2.7 سالوں کی کمی واقع ہوئی۔ عالمی بینک کی 2016 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو فضائی آلودگی کی وجہ سے کافی سالانہ کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ 

 حالیہ برسوں میں شہروں میں  سموگ سے حادثات اور مختلف بیماریوں کی تعداد میں بے شمار اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے شہریوں کی صحت کی حفاظت، سالانہ اموات میں کمی، زراعت اور شہری اور دیہی علاقوں میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کی۔ پالیسی میں تجویز کیا گیا ہے کہ ایندھن کے معیار کو یورو 5 سے یورو 6، صنعتوں کے اخراج کیلئے کڑے قوانین، زراعت میں جدّت اور فصلوں کے فضلے کے جلانے کا موثر تدارک، کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے عالمی سطح پر رائج طریق کار اور کھانے پکانے میں کم گیسوں کے اخراج والے طریق کار کی پذیرائی کی جائے گی۔ 

 پالیسی کے اطلاق سے آئندہ دس سالوں میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں اوسطاً 40 فیصد کمی آئے گی، پالیسی کے موثر اور یقینی اطلاق کیلئے ایک نیشنل ایکشن کمیٹی جبکہ ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنائی جائے گی، نیشنل ایکشن کمیٹی نہ صرف اس حوالے سے دور رَس پالیسی رہنمائی فراہم کرے گی بلکہ ہر 5 سال بعدپالیسی میں زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں ضروری تبدیلیاں کرے گی۔

 ٹیکنیکل کمیٹی پالیسی کے اطلاق کا لائحہ عمل بنا کر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور نیشنل ایکشن کمیٹی کو اس پر رپورٹ کرے گی، اس ٹیکنیکل کمیٹی پالیسی کے اطلاق میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی تجاویز بھی پیش کرے گی۔  

 پاکستان اِس وقت شدید آلودگی کا شکار ہے اور اس کے کئی بڑے شہر ایئر کوالٹی انڈیکس کے حساب سے خطرناک درجوں میں شمار کیے جاتے ہیں، تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ہوائی آلودگی کی وجہ سے پاکستان میں انسانی اوسط عمر 2.7 سال کی کمی واقع ہوئی ہے۔اسی تناظر میں وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی نے نیشنل کلین ایئر پالیسی ترتیب دی۔

 نیشنل کلین ایئر پالیسی کے نفاذ سے فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوگی اور اسط انسانی عمر میں دو سال کا اضافہ ہوسکتا ہے۔  

  وفاقی کابینہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے توانائی بچت کے حوالے سے حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ پاور، پیٹرولیم، وزارتِ صنعت و تجارت اور وازارت اطلاعات کابینہ کی طرف سے متعین کردہ اہداف پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں. 

 وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی باضابطہ منظوری دیدی، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی پاکستانی حاجیوں کے سفر اور حج کے دوران ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اعلیٰ حکام سعودی عرب حکام کے تعاون سے موثر اور جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کریں،وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01-03-2023 اور 06-03-2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

مزیدخبریں