ویب ڈیسک: لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
عمران خان پر مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی، جتھے میں شریک افراد قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب، فواد چوہدری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔
عمران خان پر درج مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے، پتھراؤ اور ڈنڈے مارنے سے 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے۔