اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بعض اراکین کی مبینہ فہرست پیش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو مبینہ طور پر28 اراکین کی فہرست پیش کی گئی جو ایک سول ادارے کی جانب سے بھجوائی گئی ہے، اس فہرست میں شامل تمام اراکین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے جب کہ فہرست میں اتحادی جماعتوں کے اراکین کا ذکر نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں جن اراکین کے نام شامل ہیں وہ عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ووٹ دے سکتے ہیں جبکہ مبینہ مشکوک اراکین کی نگرانی بھی شروع کروا دی گئی ہے، فہرست میں زیادہ وہ اراکین شامل ہیں جو دیگر جماعتیں چھوڑ کر تحریک انصاف میں آئے تھے، وزیراعظم نے ان تمام ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک پرویزخٹک اور شاہ محمود قریشی کو دیا .
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہے، اس کے بعد 2028 تک کچھ نہیں ہو گا۔