سٹی 42: گڑھی شاہو میں بدمعاشوں نے تھانیدار کو ڈیرے پر یرغمال بنالیا، تشدد کرتے رہے، ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر پانچ بدمعاش گرفتار کرلئے۔
گڑھی شاہو کے تھانیدار مرید حسین نے گذشتہ رات منشیات فروشوں کی اطلاع پر ایک دکان میں چیکنگ کی، جہاں سے کچھ برآمد نہ ہوا تو وہ واپس چلا گیا۔ تھانیدار مرید حسین اپنے بچوں کی فیس ادا کرنے گڑھی شاہو بینک میں گیا تو جرائم پیشہ افراد نے تھانیدار کو ڈیرے پر لیجا کر اسلحہ کے زور پر بٹھا لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ تھانیدار مرید حسین کو تھپٹر مار کر سادہ کاغذ پر انگوٹھے بھی لگوائے گئے۔
مرید حسین کا کہنا ہے کہ ملزمان مجھے اپنے ڈیرے پر لیجا کر تشدد کرتے رہے، ملزمان نے انویسٹی گیشن کے اے ایس آئی عدنان پر بھی تشدد کرکے اس کی ویڈیو بنائی، اے ایس آئی مرید حسین کے مطابق ملزمان عبدالرحمن عرف کاکا اس کے بھائی دیگر ملزمان نے تشدد کیا، جن کے خلاف گڑھی شاہو میں پہلے بھی درجنوں مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزموں میں عبدالرحمن، عبدالرحیم، شفیق، اسلم طاہر صدیق شامل ہیں۔ ملزموں کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا،اغوا،مسلح ہو کر حملہ کرنا حبس بے جا اور چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔