(حافظ شہباز علی) لاہور قلندرز کا مقابلہ کرنے کے لئے پشاور زلمی نے قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، زلمی کے کپتان وہاب ریاض کہتے ہیں کہ کامیابی حاصل کرکے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان فارم لاہور قلندرز کا مقابلہ کرنے کے لئے پشاور زلمی نے حکمت عملی مرتب کرلی، پشاور زلمی نے ہیڈکوچ ڈیرن سمی کی زیر نگرانی قذافی اسٹیڈیم میں تین گھنٹے تک ڈٹ کر ٹریننگ کی، کامران اکمل، بینٹن، حیدرعلی اور بریتھ ویٹ نے پاورہٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی، وہاب ریاض، حسن علی اور یاسرشاہ نے باولنگ کو بہتربنانے پرتوجہ دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اگلے دونوں میچ بہت اہم ہیں۔ کامیابی حاصل کرکے ٹاپ فورمیں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ بین ڈنک کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں ان کامقابلہ کرنے کی حکمت عملی بنالی ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض میڈیا ٹاک میں صحافی نے سوال کیا کہ بین ڈنک کی چیونگم کے بارے میں کیا خیال ہے تو وہاب ریاض بولے کہ کوشش کریں گے کہ ان سے چیونگم چھین لیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف میچ سے قبل مکمل آرام کیا۔