(اکمل سومرو) یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی جعلی تصدیق کرنے والے گروہ کا انکشاف، جعلسازی سے تصدیق کرانے والے طلباء کی ڈگریاں ضبط کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جعلی مہروں اور دستخطوں سے ڈگریوں کی تصدیق ہونے لگی ہے۔ ایچ ای سی نے جعلی تصدیق کرانے والے طلباء کی ڈگریوں کو ضبط کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایجنٹ مافیا ڈگریوں کی تصدیق کے لیے خود کو ایچ ای سی کا ملازم ظاہر کرتا ہے اور جعلسازی سے طلباء کی اصل ڈگریوں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ایچ ای سی نے جعلسازی سے ڈگریوں کی تصدیق کو روکنے کیلئے الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ طلباء ڈگریوں کے تصدیقی ایجنٹ سے ہوشیار رہیں، ایجنٹ مافیا طلباء کی اصل اسناد کو جعلسازی سے تصدیق کر رہا ہے، ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی تصدیق صرف ایچ ای سی کے دفتر میں مجاز افسر کر سکتا ہے اور اس کیلئے طلباء کو آن لائن درخواستیں جمع کرانا ہوتی ہے اور پھر شیڈول کے مطابق ایچ ای سی کے دفتر میں کی ڈگریوں کہ تصدیق کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ ایچ ای سی 800 روپے نارمل فیس اور پانچ ہزار روپے ارجنٹ فیس لے کر ڈگریوں کی تصدیق کرتا ہے۔